نارووال،05 اگست (اے پی پی ):یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ڈپٹی کمشنر نارووال آفس سے فیض احمد فیض پارک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تمام اداروں کے افسران،سرکاری ملازمین،سول سوسائٹیز اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،قابض بھارتی سرکار نے آج کے دن کشمیر کے خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے اپنی عادت کے مطابق غاصبانہ قبضہ کرتےہوئے انڈیا کے اندر ضم کرنے کی مذموم کوشش کی اس وجہ سے آج کشمیری عوام سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کے لئے دعا بھی کی گئی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول نارووال میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کئے۔
ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہی وہ طاقت ہیں جن کے ہاتھوں میں وطن عزیز کا مستقبل ہے ،اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نونہالان وطن کو جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ یہی بچے کل کو سائنس،ٹیکنالوجی اور ریسرچ کی دنیا مین وطن عزیز کا نام روشن کریں اور وطن عزیز کو مضبوط اور طاقت ور بنائیں تاکہ اقوام عالم میں ہماری آواز کو عزت و آبرو کی نگاہ سے دیکھا جاسکے۔











