اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوابشاہ حادثے کے حوالے سے مختلف چینلز نے فیک نیوز چلائی، ریلوے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، اکتوبر میں ایم ایل ون منصوبے پر دستخط ہو جائیں گے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن و ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 6 اگست کو نوابشاہ حادثہ پیش آیا جس میں تقریباً 30 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی ہوئے مگر کچھ چینلز نے فیک نیوز چلائی کہ ریلوے ٹریک پر لکڑی کا جوڑ لگا تھا، ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی لکڑی کا جوڑ نہیں لگا تھا اور یہی لکڑی پوری دنیا کے ریلوے نظام میں استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن میں تفصیلی رپورٹ آجائے گی، چھ لوگوں کو معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی، سندھ حکومت، ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے بہت تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ، مسائل بہت زیادہ ہیں لیکن ہم نے اس نظام کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ایم ایل ون منصوبے پر دستخط ہو جائیں گے۔











