وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ

6

اسلام آباد، 07 اگست (اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مہنگائی کی مجموعی صورتحال، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، غذائی معیار اور مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحانات کا جائزہ لیا گیا۔

پروفیسر احسن اقبال نے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا جامع سروے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سروے کا مقصد ان اشیائے خورونوش کے معیار کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لینا، علاقائی رجحانات کا تعین کرنا اور غذائی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غذائی معیار قومی اہمیت کا معاملہ ہے اور حکومت شہریوں کو محفوظ، صحت بخش اور قومی معیار کے مطابق معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اجلاس میں لیبارٹری نتائج کا مزید تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزارت منصوبہ بندی، پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ماہرین پر مشتمل خصوصی تکنیکی ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی، جو شواہد کی بنیاد پر سفارشات مرتب کرکے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو پیش کرے گی۔

اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی مجموعی صورتحال، ماہانہ اور ہفتہ وار قیمتوں کے رجحانات، تھوک و پرچون قیمتوں، ملکی و عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ایل پی جی کی قیمتوں اور گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی میں مجموعی مہنگائی میں کمی کا رجحان جاری رہا۔

پروفیسر احسن اقبال نے متعلقہ اداروں کو مہنگائی کے رجحانات کی مسلسل نگرانی اور بروقت پالیسی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ان اشیائے ضروریہ پر مرکوز رہنی چاہیے جو گھریلو بجٹ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

اجلاس میں حساس قیمت اشاریے اور مختلف شہروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے رجحانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو مارکیٹ میں شفافیت اور قیمتوں کے مؤثر انتظام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں خام تیل، سویا بین آئل، چاول، گندم، چینی، کھاد اور یوریا سمیت اہم اجناس کی عالمی قیمتوں کے رجحانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ صارفین کا تحفظ، غذائی معیار کو یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔