نوشہرہ ورکاں، 03 اگست (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) این اے 75 چوہدری اظہر قیوم ناھرا نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سطح پر پاسپورٹ آفسز کا قیام عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولت میسر کرنے کا احسن ترین فیصلہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاسپورٹ کاؤنٹر کے اففتاح کے موقع پر کیا۔ چوہدری اظہر قیوم ناھرا نے کہا کہ نوشہرہ ورکاں کی عوام لوکل سطح پر شناختی کارڈ کے بعد پاسپورٹ بنوانے سے ملنے والی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں اور گزرتے ہوئے وقت میں دیگر بنیادی سہولتیں بھی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کاہر دور پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کے لیے بہتر سے بہتر وسائل وذرائع فراہم کرنے کا سنہری دور رہاہے ۔
چوھدری اظہر قیوم ناھرا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی طرف سے ضلع گوجرانوالہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سطح پر پاسپورٹ آفسز کی منظوری اورآفسز کے قیام کے بعد عوام کو ضلعی سطح پر جانے کی سفری مشکلات، اخراجات اور وقت کے ضیاع جیسی پریشانیوں سے نجات مل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو سال 2023 ءمیں ہونے والے انتخابات میں عوام کی حمایت سے گورنمنٹ بنانے کا موقع ملا تو ماضی کی طرح عوام کے حقوق بلا تفریق فراہم کیے جائیں گے۔











