اوکاڑہ،03 اگست(اے پی پی ): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے وژن کی روشنی میں جہاں صوبہ بھر میں پولیس ترجیحات میں بہتری لائی جا رہی ہے وہیں اوکاڑہ پولیس کے سربراہ منصور امان کی جانب سے اے ایس پی عامر شوکت کی زیر نگرانی خواتین پولیس پر مشتمل ایک اسپیشل موٹر سائیکل فورس کا آغاز کردیا گیاہے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق ردا فورس کی پٹرولنگ کا مقصد خواتین کو تعلیمی اداروں ، پبلک پارکس اور دیگر مقامات پر ہراسگی سے بچاؤ اور محفوظ ماحول کی فراہمی ہے ۔اس فورس میں شامل خواتین اہلکاروں کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت کے علاوہ سیلف ڈیفنس،ابتدائی طبی امداد،اسلحہ چلانے کی تربیت دی گئی۔ ابتدائی طور پر سولہ خواتین اہلکاروں کو ردا فورس میں شامل کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں یہ فورس سٹی سرکل میں گرلزکالجز،گرلزسکولوں کے اطراف سمیت مارکیٹوں اور پبلک پارکس میں پٹرولنگ کرے گی بعد ازاں اس کا دائرہ دیگر تحصیلوں تک بڑھایا جائے گا، اس اسکواڈ کی پہلی پاسنگ آوٹ طیب سعید شہید پولیس لائنز میں مکمل ہوئی جہاں عملی مشقوں اور پٹرولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔
ڈی پی او منصور امان ، ایس پی ملک داود ،اے ایس پی عامر شوکت،ریسکیو انچارج ظفر اقبال، فرح یاسر، عظمیٰ اعجاز گورنمنٹ وومن کا لج اوکاڑہ اور طالبات نے ردا اسکواڈ کی عملی مشقوں کو دیکھا اور خوب سراہا۔











