نوشہرہ ورکاں؛محلہ اسلام پورہ میں گیارہ سالہ لڑکے کی پراسرارموت ، باپ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج

23

نوشہرہ ورکاں،21 اگست ( اے پی پی ): نوشہرہ ورکاں محلہ اسلام پورہ میں گیارہ سالہ لڑکے کی پر اسرار موت ،باپ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرا دیا گیا ۔

گیارہ سالہ فیضان عمران کی بیماری اور بھوک کی وجہ سے تین روز قبل اچانک موت کا چرچا پورے شہر میں تھا اور تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے فیضان کے والد عمران کو شک کی بنا پر تھانہ میں بلا کر پوچھ گچھ کی اور مزید انکوائری کا سلسلہ جاری تھا کہ مبینہ مقتول گیارہ سالہ فیضان کے چچا منیر بشیر کی درخواست پر نوشہرہ ورکاں پولیس نے بیٹے فیضان کو تشدد کر کے قتل کرنے کے الزام میں والد عمران کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ 921/23 درج کر لیا۔

 تھانہ نوشہرہ ورکاں میں درج رپورٹ کے مطابق والد کے تشدد سے بیٹے کی موت واقع ہوئی اور اس بات کا واویلا مبینہ ملزم عمران کے محلے دار بھی کرتے آ رہے تھے جبکہ فیضان کے جسم پر واضح تشدد کے نشان موجود نہیں تھے البتہ بھوک اور بیماری کے اثرات ضرور موجود تھے اس حوالہ سے نوشہرہ ورکاں پولیس کا کہناہے کہ تفتیش میرٹ پر ہو گی۔