لاہور،20 اگست (اے پی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ دانش سکول جڑانوالہ میں متاثرہ مسیحی خاندانوں کے لیے لگائے جانے والے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کی، انہیں تسلی دی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی خاندانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ متاثرین کے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی جلد از جلد رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرجا گھروں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، جلد ہی گرجا گھروں کو ان کی اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا اجلاس گرجا گھر میں ہوا ہے اور اجلاس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متاثرہ خاندانوں کے بچوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مسیحی خاندانوں میں اشیائے ضروریہ تقسیم کیں۔











