فیصل آباد،18اگست(اے پی پی):آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایات پر جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین اور املاک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، متاثرین کو وقتی طور پر دانش سکول میں رکھا گیا ہے۔
دانش سکول جڑانوالہ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ جن مسیحوں کے گھروں کو جلایاگیا،ان کی توڑ پھوڑ کی گئی ان متاثرین کو وقتی طور پر دانش سکول میں رکھا گیا ہے لیکن وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں برق رفتاری سے ان کے گھروں کی دوبارہ تعمیر و مرمت اور جن گرجا گھروں کو تباہ کیا گیا ان کی بھی دوبارہ ہنگامی بنیادوں پر بحالی اور تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا ہے اور انشااللہ ایک دو روز بعد نہ صرف متاثرین پہلے سے بہتر حالت میں اپنے متاثرہ گھروں میں واپس جاکر دوبارہ آباد ہوں گے بلکہ گرجا گھروں کو بھی پہلے سے زیادہ خوبصورتی کے ساتھ بحال کیا جا ئے گا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توہین مذہب اور توہین رسالت ﷺ کے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ اسلئے شامل نہیں کی گئی کہ اس مقدمہ میں جو دفعہ لگائی گئی ہے اس کی سزا دہشت گردی سے بھی زیادہ سخت اور سزائے موت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی صحافی کو بیگناہ گرفتار کیا گیا ہے تو آر پی او اس کو دیکھیں گے اور کسی بے گناہ کو جیل میں نہیں ڈالا جا ئے گا۔











