ملتان،07 اگست(اے پی پی ): نگران وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور کنور محمد دلشاد نے ملتان کا دورہ کیا اور ضلعی محکموں و پولیس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر کنور محمد دلشاد نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اقدامات کے باعث محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان رہا، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جانفشانی سے امن کی فضاء بحال رکھی،موجودہ ملکی حالات میں امن کی بحالی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں میگا فنڈنگ کی جارہی ہے۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور دلشاد نے کہا کہ تمام محکمے عوامی خدمت کیلئے مکمل وسائل اور صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کپاس کی ریکارڈ کاشت یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ کپاس کی کاشت بڑھانے کیلئے محکمہ زراعت کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلی سطح پر کپاس کی مقررہ سرکاری نرخ پر خریداری کے احکامات دیے گئے ہیں،حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کیلئے کپاس کے 8500روپے فی من ریٹ مختص کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کم کاشت والوں علاقوں کی سرویلنس کرکے کاشتکاروں کو ایڈوائزری جاری کی جائے ، حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
مشیر نے کہا کہ سفید مکھی، سبز تیلے، تھرپس اور جڑی بوٹیوں کے پھیلاؤ پر خصوصی نظر رکھی جائے جبکہ پیسٹ سکاؤٹنگ، سرویلنس میں تیزی،ضرر رساں کیڑوں کے حملہ کو بروقت کنٹرول کیا جائے۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ اس وقت کپاس کی فصل انتہائی نگہداشت کے مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں کپاس کاشت کا 101 فیصد ہدف حاصل کیا جاچکا ہے۔ اور 12 لاکھ71 ہزار290 ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے کہا کہ سرٹیفائیڈ یوریا کھاد ڈی اے پی کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنا ئی جارہی۔گزشتہ ماہ ڈویژن میں یوریا کھاد کے 155سیمل لئے گئے، 90 کا رزلٹ معلوم، 10غیر معیاری قرار پائے، غیر معیاری ملاوٹ شدہ فرٹیلائزرز پر 10 مقدمات درج کروائے گئے ۔ ڈویژن میں 329 پیسٹیسائزڈ ڈسٹریبیوٹرز، 5566 ڈیلرز رجسٹرڈ ہیں۔ ضلع کے 3 سہولت سنٹرز سے 1241کاشتکار مستفید،18960 لیٹر فرٹیلائزرز خریدی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر اور سی پی او منصورالحق رانا نے سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ واسا،زراعت،سوشل ویلفئیر ،میونسپل کارپوریشن اور پولیس کی جانب سے بھی بریفننگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، محکمہ زراعت کے افسران موجود تھے۔











