ملتان، 14 آگست (اے پی پی ):ویمن یونیورسٹی ملتان میں 76واں یوم جشن آزادی تزق واحتشام سے منایا گیا ہے اس سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب کچہری کیمپس میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا گیا اور ملکی بقا وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی ۔
76ء یوم آزادی کے موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیراہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی ڈاکٹر عذرا لیاقت( چیئرپرسن شعبہ اردو ) نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے یونیورسٹی کے عملے اور طلباء کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پاکستان بننے سے پہلے پورے برصغیر پر قریباً 100 سال تک انگریزوں کا قبضہ رہا پاکستان حاصل کرنے کے لیے ہمارے بڑوں نے بہت زیادہ قربانیاں دیں ہم ان قربانیوں کو ضائع نہ ہونے دیں، اپنے ملک کی حفاظت کرنا، ہم سب پر فرض ہے تاکہ پاکستان کو امن و استقلال کا گہوارہ بنائیں ۔
انہوں نے نئی نسل کی کردار سازی پر زور دیا اور کہا کہ جس قوم میں اخلاقی اقدار اور کردار نہ ہوں وہ اپنی آزادی کی قدر نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء اس ملک کا مستقبل ہیں لہذا انہیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عدیلہ اور ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ یوم آزادی صرف رسم نہیں ایک عہد کا دن ہے کہ جس آزاد فضا میں ہم سانس لے رہے ہیں اس کا قرض اتارنا ہے اس ملک کی ترقی کےلئےاپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی ہے ہم جدید علوم حاصل کرکے اس ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں اس لئے ویمن یونیورسٹی آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ویمن یونیورسٹی پاکستان کی ہی نہیں بلکے دنیا کی بہترین یونیورسٹی میں شمار ہوگی۔
ڈاکٹر عذرا لیاقت نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ ہمیں کشمیریوں کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد میں ان کی آواز بننا چاہیے تاکہ شرپسند عناصر کا خاتمہ ہوسکے۔
اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور طالبات نے اپنی سریلی آوازوں کے ساتھ قومی گیتوں اور تقریروں کی صورت میں اس سرزمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے جشن آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تقریب میں یونیورسٹی کے سیکیورٹی اہلکاروں نے سلامی پیش کی، تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب، تمام شعبہ جات کی چیئرپرسنز ,انتظامی عملے اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔