پاک آرمی اور ہوبارہ فاﺅنڈیشن انٹرنیشنل کی جانب سے چولستان میں صحرائی نباتات کے بیج کا فضائی بکھیر

9

رحیم یارخان،9 اگست (اے پی پی): پاکستان آرمی اور ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان نے صحرائے چولستان میں صحرائی نباتات کے بیج کا فضائی بکھیر کیا۔

ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کے منصوبہ برائے بحالی مسکن کا یہ مسلسل 25ویں سال تھا۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے میجر(ر) عبدالرﺅف نے بتایا کہ پاکستان آرمی اس منصوبہ میں اہم ساتھی ہونے کے سبب صحرائی نباتات میں اضافہ کے لئے ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کو ہر سال چھوٹا جہاز مہیا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحرائے چولستان، وسط ایشیاء سے ہر سال نقل مکانی کرنے والے ہوبارہ بسٹرڈ (تلور) کا پسندیدہ مسکن ہے، کاشتکاری، بڑھتی ہوئی انسانی سرگرمیوں اور مقامی آبادی کے مویشیوں نے مسکن کی حالت اس قدر خراب کر دی ہے کہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کو مناسب مقدار میں مرغوب غذا نہ ملنے کی بنا ءپر جنگلی حیات اور ماحولیات میں تیزی سے تنزلی ہو رہی ہے۔

ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان نے ماحولیات کا توازن بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا جو صحرائی نباتات کے بیج کے فضائی بکھیر سے ہی ممکن ہے۔رواں برس ہوبارہ بسٹرڈ کی پسندیدہ خوراک کے پودوں کے 113 کلوگرام بیج فضا ءسے بکھیرے گئے، اس طرح گزشتہ 25 برسوں میں بکھیرے گئے ،کل 2902 کلوگرام بیج صحرائے چولستان پر بکھیرے جا چکے ہیں۔

مسکن کا سالانہ جائزہ حوصلہ افزاء اور نباتات کی بڑھتی ہوئی تقویت کی طرف مائل نظر آتا ہے، مسکنوں کی مکمل بحالی طویل کام ہے، تاہم پاکستان آرمی کے مسلسل تعاون سے ہوبارہ فاونڈیشن انٹرنیشنل پاکستان،بگڑے ہوئے ماحولیاتی توازن کو درست کرنے اور جنگلی حیات کی نسلوں کی بحالی کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔