لاہور،11اگست (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ حکومت پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کی تعلیم کے حوالے سے معاونت جاری رکھے گی،یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے مقامی ہوٹل میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو نقد انعامات، سر ٹیفکیٹس اور میڈلز دیئے۔تقریب میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈزکے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 142 طلبہ و طالبات کو انعامات دیئے گئے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب کے تمام بورڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کشف فاطمہ اور عائشہ شوکت کے والد کو سٹیج پر بلایا اور انہیں بیٹیوں کی کامیابی پر مبارکباد دی،دونوں طالبات کے والد سرکاری سکول ٹیچر ہیں۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں،گزشتہ چند برس سے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب بند ہو گئی تھی،جیسے میرے علم میں یہ معاملہ آیا میں نے فوری طور پر پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب کو بحال کیا۔میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آج میں پاکستان کے روشن مستقبل کے ساتھ بیٹھا ہوں ،یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں اور انشا اللہ آئندہ بھی پوزیشن ہولڈرز کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں -مجھے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات سے بات چیت کر کے بہت خوشی ہوئی کیونکہ ان میں کوئی سافٹ ویئر انجینئر بننا چاہتا ہے اور کوئی سی ایس ایس کرنا چاہتا ہے،ایک بچے نے کہا کہ میں اس پوزیشن پر آنا چاہتا ہوں جہاں آپ ہیں، مجھے یہ سن کر بہت خوشی ہوئی،انشا اللہ یہ بچے ایک دن ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ بعض والدین نے مشکل حالات کے باوجود اپنے بچوں کو پڑھایا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،پنجاب حکومت پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کی تعلیم کے حوالے سے معاونت جاری رکھے گی،یہ بچے اور بچیاں ہمارا مستقبل ہیں انہیں سپورٹ کرنا ہمارا فرض ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب اپنی اپنی جگہ کوشش کریں تو اس کا مثبت اثر لازمی سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں جانتے تھے کہ ہماری نگران حکومت کی مدت میں اضافہ ہو گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 4 ماہ قبل بتایا گیا کہ پاکستان 4 ارب ڈالر کی کپاس باہر سے منگوا رہا ہے ہم نے خلوص نیت سے کوشش کی اور پوری ٹیم نے محنت کی جس کی وجہ سے رواں برس تقریبا 48 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت ہوئی اور اس سے اربوں روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہوئی،اسی طرح گندم کا سرکلرڈیٹ 600 ارب روپے کا ہو گیا تھا اور اگلے برس اس پر 150 ارب روپے کا سود بھی دینا تھا،چیف سیکرٹری نے مجھے بریفنگ دی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ قرض اتارنا ہے، ہم نے 600 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ بھی کلیئر کیا اور 150 ارب روپے بچائے،یہ سب کام ٹیم ورک سے ممکن ہوئے۔
تقریب کے دوران تلاوت قرآن، نعت رسول مقبول اور ملی نغمے طلبہ و طالبات نے پیش کئے۔صوبائی وزرا منصور قادر، عامر میر، ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جاوید اختر، سیکرٹری اطلاعات، کمشنرز، اعلی حکام، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔