برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کا واحد راستہ ہے؛ صوبائی وزیر ابراہیم مراد

3

لاہور،11اگست  (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ، مائن و معدنیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کا واحد راستہ ہے، برآمدات کی مدد سے پاکستان کی معیشت میں سالانہ اربوں ڈالرز شامل ہو سکتے ہیں اور لائیو سٹاک سے منسلک اشیا کی برآمدات بڑھا کر پاکستان کے زرِمبادلہ میں بڑا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے  پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے پولٹری کی پیداوار کے اخراجات کو کم کرناہو گا،اسی طرح پولٹری سیکٹر کی ترقی کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل بنا کر اس پرعمل کرنا ہو گا۔انہوں  نے بتایا کہ پاکستان پولٹری کی 70   فیصد پیداوار پنجاب سے منسلک ہے۔

ابراہیم مراد نے کہا کہ پولٹری ایسوسی ایشن کے مسائل سامنے رکھ کر ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، حکومت پولٹری ایکسپورٹرز کو ہر ممکن سہولیات و معاونت فراہم کرے گی۔

 پولٹری ایکسپورٹرز نے کہا کہ سویا بین کی پیداوار میں اضافہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت کو خصوصی طور پر چھوٹے پولٹری فارمز کو سہولیات فراہم کرنی چاہیے۔

اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور، نمائندگان پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن و دیگر بھی موجود تھے۔