چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا ملتان کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ ، ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے انتظامات کا جائزہ لیا

18

ملتان،30 اگست (اے پی پی ):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ملتان کا دورہ کیا اور ایشیا کپ  کے افتتاحی میچ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے چیف سیکرٹری پنجاب کا استقبال کیا جبکہ سی پی او منصورالحق رانا نے سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کرکٹ سٹیڈیم میں براہ راست کرکٹ میچ بھی دیکھا۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاءاشرف بھی موجود تھے۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کیلئے مثالی انتظامات کئے ہیں۔ حکومت پنجاب کرکٹ میلے کے حوالے سے پی سی بی کو مکمل معاونت فراہم کررہی ہے۔انہوں  نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کو مستقبل میں پرامن ماحول میں مزید عالمی ٹورنامنٹس کے مواقع فراہم کرینگے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اپنے دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسروں و اہلکاروں کو جانفشانی سے ڈیوٹی سر انجام دینے پر شاباش بھی دی۔