ڈیرہ غازی خان؛میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے ٹیسٹ کے لیے تین سنٹرز تجویز کر دئیے گئے

45

ڈیرہ غازی خان،12اگست(اے پی پی): پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے 27 اگست کو ہونے والے ٹیسٹ کے لیے ڈیرہ غازی خان میں  تین سنٹرز تجویز کر دییے گئے ہیں۔یہ سنٹرز غازی یونیورسٹی،بوائز سنٹر اف ایکسی لینس اور ڈویژنل پبلک سکول و کالج میں قائم کیے جائیں گے۔کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے سیکرٹری عبدالرحمن رشید اور کنٹرولر امتحانات مرزا ظہیر اصغر کو اس سلسلے میں کوآپریٹو ممبر نامزد کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اجلاس  کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے انٹری ٹیسٹ کے مراکز میں پر امن امتحانی ماحول فراہم کیا جائے اور بجلی کے متبادل کیلئے جنریٹرز کا بندوست ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کی حدود میں غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر پابندی عائد ہوگی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت نمٹا جائے گا، والدین اور دیگر افراد کے بیٹھنے کیلئے مناسب انتظام کے ساتھ ٹھنڈے پانی،بیت الخلاء اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں اس کے علاوہ محفوظ پارکنگ یقینی بنائی جائے،طلباء و طالبات اور والدین کی رہنمائی کے کاؤنٹرز بنائے جائیں۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122،ہیلتھ کے کیمپس کے ساتھ ایمبولینس کی سہولت فراہم کی جائے۔