ڈیرہ غازی خان،12اگست(اے پی پی): ای خدمت مرکز میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ اقوام اپنے یوم آزادی کو جوش و خروش سے مناتی ہیں،وطن عزیز کی آزادی کیلئے ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ملکی سالمیت و استحکام کیلئے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔
محمد اسد چانڈیہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کا ای خدمت مرکز ڈائریکٹر جنرل وسیم بھٹی کی قیادت میں عوامی خدمت کو یقینی بنا رہا ہے اور میں جشن آزادی کی شاندار تقریب کے انعقاد پر ای خدمت مرکز ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
اس موقع پر اسسثنٹ کمشنر عثمان غنی نے کہا کہ وطن عزیز کی عزت و توقیر اور تقدس کو برقرار رکھنا ہمارا فرض ہے،ہم یوم آزادی پر دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستانی پرامن قوم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سالمیت کیلئے دعا کرائی گئی۔











