ڈیرہ غازی خان، 18اگست(اے پی پی):پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے 10ستمبر کو ہونے والے ٹیسٹ کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں سنٹر آف ایکسیلینس اور ڈویژنل پبلک سکول میں سنٹرز بنانے کی تجویز جب کہ تیسرے امتحانی مرکز کیلئے ورک مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل،ڈینٹل کالجز کے انٹری ٹیسٹ کے مراکز میں پرامن امتحانی ماحول فراہم کیا جائے گا اور مراکز کی حدود میں غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر پابندی ہوگی،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ144کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مہر شاہد زمان لک نے کہا امیدواروں،والدین اور دیگر افراد کیلئے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے،پارکنگ،ٹھنڈے پانی،بیت الخلاء اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں اور اس کے علاوہ طلباء و طالبات اور والدین کی رہنمائی کے کاؤنٹرز بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122،ہیلتھ کیمپ،ایمبولینس کی سہولتیں فراہم کی جائیں،تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں۔
اجلاس میں اے ڈی سی محمد اسد چانڈیہ،خالد کریم،احمد کمال،بلال مصطفیٰ ہمدانی،ڈی ایس پی عبدالرحیم،فیض اللہ ترین،آصف سلیم،ڈاکٹر نجیب الرحمن،ڈاکٹر اطہر سکھانی و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔











