ڈیرہ غازی خان،04 اگست(اے پی پی):شہداء پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان سے ہوا جہاں پر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی پیش کی ۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور دیگر افسران نے یادگار شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہداکے بلنددرجات کے لیے دعاکی۔
تقریب میں پولیس ایجوکیٹر سکول کے بچوں نے ملی نغمے ،ٹیبلو اور یوم شہداء کے حوالے سے تقاریر اور خاکے پیش کیے ۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان حسن افضل نے استقبالہ پیش کر کےشہدا پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں ان کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم اپنے شہداء کی فیملیز کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کی مکمل کفالت کریں گے۔آپ کو درپیش تمام مسائل کو حل کریں گےاور کسی بھی موقع پر آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ یوم شہداء کا مقصد پولیس سمیت پاک آرمی اور دیگر تمام اداروں کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا اور انکی فیملیز و بچوں سے اپنی وابستگی کو ظاہر کرنا ہے تاکہ آپ سب کو یہ یقین دہانی کرائی جا سکے کہ ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولے اور اپنے شہدا کی فیملیز سے مکمل وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہید افسران و جوانوں نے شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ اور قیام امن کیلئے جوانمردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے ۔
سجاد حسن خان نے کہا کہ آج پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند ہے تو اس کی وجہ ہمارے یہی بہادر ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ شہادت ایک اعزاز ہے جو اللہ کے منتخب لوگوں کو ہی ملتا ہے۔مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی فورس کی کمانڈ کررہا ہوں جس کے جوانوں اور افسران نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک و قوم کے لیے دی گئی شہداء کی ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہمارے شہدا کی فیملیز ہمارے دل کے نہایت قریب ہیں۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان، ایس ایس آر رینجرز عامرسبطین ، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ،پی ایچ پی ،محکمہ جیل سمیت پولیس و انتظامیہ کے اعلی افسران، سول سوسائٹی ممبران ،انجمن تاجران ،ممبران امن کمیٹی ،وکلاء ،میڈیا نمائندگان اور شہداءپولیس کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔