ڈیرہ غازی خان ؛ ڈپٹی کمشنر کا عالی والا،سلیم آباد،غوث آباد میں کپاس کے کھیتوں کا معائنہ  

12

ڈیرہ غازی خان،01 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خان کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان اور تحصیل کوٹ چھٹہ کا دورہ کیا۔انہوں نے عالی والا،سلیم آباد،غوث آباد میں کپاس کے  کھیتوں کا معائنہ کیا اور سیلاب  متاثر علاقوں کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کپاس کی بہتر پیداوار حصول کیلئے کوشاں ہے اس کی اچھی پیداوار  سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ضلع ڈیرہ غازی خان میں کپاس کی پیداوار تسلی بخش ہے اور کپاس کی نئی فصل کا اچھا معاوضہ کسانوں کا حق ہے۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ کپاس کا حکومتی ریٹ 8500 روپے فی من ہے اور کسان کم قیمت پر اسے فروخت نہ کریں،کپاس کو کیڑوں سے بچاؤ اور مناسب زرعی ادویات بارے معلومات فراہمی کیساتھ اسے نقصان سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کسان بازاروں میں معیاری زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شبیر احمد خان نے کہا کہ کسانوں کی رہنمائی، معیاری زرعی ادویات کے استعمال بارے زراعی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں محکمہ زراعت حکومت پنجاب سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ زاہد اقبال،ڈائریکٹر ایگری کلچر مہر عابدحسین،ڈپٹی ڈائریکٹرز الیاس رضا کلاچی،غلام محمد،کلیم کوریہ،سلمان شاہ ان کے ہمراہ تھے۔