ہرنائی ؛ عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے آگاہی واک اور تقریب کاانعقاد

8

ہرنائی ، 01 اگست (اے پی پی ): محکمہ پاپولیشن ضلع ہرنائی کی جانب سے عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے آگاہی واک اور تقریب کاانعقاد کیا گیا۔

تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارباب سعید علی کاسی،ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ہرنائی محمد عارف بزدارنے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی یوم آبادی منانے کا بنیادی مقصد آبادی میں اضافے اور وسائل کی طرف لوگوں کی توجہ دلانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے معاشی اور معاشرتی مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ ترقی اور خوشحالی کیلئے کی جانے والی تمام تر کوششیں اس وقت بے سود ثابت ہوتی ہیں ،جب تک معاشرے کے ہرفرد کی زندگی کی بنیادی ضروریات تک رسائی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اچھی اور خوشحال زندگی کو برقرار رکھنے کیلئے آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال ملک وہ ہے جہاں لوگوں کی صحت کا معیار بلند ہو جہاں لوگوں کو بہتر تعلیم اور بہتر خوراک مہیا ہو۔انہوں نے مزید کہا کے بڑھتی ہوئی آبادی سے مسائل ختم ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے تیزی سے ہونے والے اضافے کی بنیادی وجہ بڑھتی ہوئے آبادی ہے ملک کو پہلے ہی خوراک صحت پینے کے پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ اگر آبادی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ دس سالوں میں ملک میں مسائل انتہا حد تک بڑھ جائیں گے جسے کنٹرول کرنا ناممکن ہو جائے گا۔