ڈیرہ غازی خان میں  یوم آزادی  پر شاندار آتشبازی

5

ڈیرہ غازی خان،14 اگست (اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی یوم آزادی کا شاندار آتشبازی سے استقبال کیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او حسن افضل اور دیگر نے رات گئے پاکستان کی 76ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور شہریوں کے ساتھ ملکر قومی ترانہ پڑھا۔اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی اور شہر کے بڑے چوکوں پر بڑی سکرینیں نصب کرکے ملی نغمے دیکھائے گئے، اس کے علاوہ سرکاری و نجی عمارتوں،اہم شاہراہوں اور چوکوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مرکزی تقریب گلوب چوک ڈی جی خان میں منعقد ہوئی اور رات 12 بجے آتشبازی سے یوم آزادی کا استقبال کیا گیا۔

 کمشنر ڈیرہ غازی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے آباواجداد کی لازوال قربانیوں سے بنا ہے اور اس کی ترقی میں نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کو  مسائل سے نکالنے کے لئے وہ جذبہ چاہیے جو اس کے قیام کے وقت 1947 میں موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری محنت ، لگن اور ایمانداری سے کام کر نے سے یہ ملک تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر ،محمد اسد چانڈیہ ،اے سی صدر عثمان غنی اور دیگر ضلعی افسران بھی شریک تھے۔