سیالکوٹ،14اگست(اے پی پی):سابق وزیر دفاع و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو ناکام ہوا جس میں پی ٹی آئی کی قیادت سمیت انکے ورکرز نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے، دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئےاور شہداء کے مجسموں کو بھی مسمار کیا گیا، اب عام انتخابا ت میں آپ عوام نے ان ملک دشمنوں سے بدلہ لینا ہے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں ملکی سیاسی منظر نامے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب رات گئے مسلم لیگ ہاؤس سیالکوٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی حکومت کی بارودی سرنگوں سے ملک کو نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی مشکل وزارت عظمیٰ سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی تھی میرے خیال میں اور کوئی نہیں کیونکہ انہوں نے بہت مشکل حالات میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے قافلے کو اپنی منزل تک پہنچایا، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ چار سال کا سارا گند صاف کیا لیکن ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
سابق وزیر دفاع و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج اگر ن لیگ متحرک نظر آتی ہے تو وہ پچھلے پانچ سال کی ثابت قدمی کا نتیجہ ہے، آج سوا سال کی اتحادی حکومت کے بعد ہم عوام کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہے لیکن ہمارے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں ڈکٹیٹر کے خلاف تقریر کی ، مجھے بھی سڑک سے گرفتار کیا گیا لیکن ہم نے تو فوج اور تنصیبات پر حملہ نہیں کیا، مجھ فخر ہے کہ میں ایسے قائد کا ورکر ہوں جو پہاڑ کی طرح ظلم کے سامنے کھڑا رہا۔ انہوں نے مذید کہا کہ میرا ایمان ہے کہ میرا قائد اپنے وطن واپس آئے گا، میرے قائد کو مٹانے والے خود مٹ گئے، وہ ضرور آئے گا اور دوبارہ سے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالے گا اور ملکی ترقی و خوشحالی کا جو سفر جہاں رک گیا تھا اسے دوبارہ وہیں سے شروع کیا جائے گا۔











