کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کی توسیع کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے؛نگران وزیراعلی بلوچستان

41

کوئٹہ، 23 اگست (اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کی توسیع کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اورکولپور سے جیکب آباد دو طرفہ شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے،این ایچ اے دستیاب فنڈز کا بڑا حصہ بلوچستان میں خرچ کرےگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگران وفاقی وزیر مواصلات اشرف تارڑ سے  ملاقات میں کیا۔ملاقات میں بلوچستان کی قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے منصوبوں پر  گفتگو  کی گئی۔ اس  موقع پرممبر این ایچ اے ساؤتھ نے شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی ۔

نگران وفاقی وزیر مواصلات اشرف تارڑ نے کہاکہ نگران وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان کا دورہ کر رہےہیں  اور ان کی ہدایت  پر بلوچستان کی شاہراہوں کے منصوبوں کی تکمیل کو ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ این ،50 کوئٹہ ژوب ،این 50 کوئٹہ ،جیکب آباد اور این 25 کوئٹہ ،کراچی کے منصوبوں کی تکمیل اولین ترجیح ہےان تمام منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر ڈالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجرہ پل کی تعمیر کا آغاز رواں  سال یکم ستمبر سے ہو گا۔

نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ خو شی ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی حکو مت نے بلو چستان پر توجہ دینے کا آغاز کیا جتنا بھی وقت ملا ہے عوام کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کے متاثرہ پلوں کی فوری بحالی اہمیت کی حامل ہے، اس شاہراہ پر متاثرہ پلوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس موقع پرنگران وفاقی وزیر نے  ممبر این ایچ اے کو متاثرہ پلوں کی بحالی کے لے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی۔