کوہلو؛حکومت بلوچستان کی گرین ٹریکٹر سکیم سے علاقے میں زرعی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، ڈی سی اعجاز احمد جعفر

17

کوہلو، 21 اگست (اے پی پی ( : ڈپٹی کمشنر کوہلواعجاز احمد جعفر نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی گرین ٹریکٹر سکیم سے علاقے میں زرعی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور زرعی ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ زرعی انجینئرنگ کے زیر اہتمام گرین ٹریکٹر سکیم کے قرعہ اندازی کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ شیر جنگ مری اور فیلڈ سپروائزر غلام قادر مری بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ شیر جنگ مری نے قرعہ اندازی کی جس میں کوہلو کے 3خوش قسمت زمیندارمیر فیض محمد مری،ثناء اللہ قیصرانی اور وڈیرہ بالو خان مری نے قرعہ اپنے نام کیا جنہیں حکومت بلوچستان کی جانب سے گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت رعایتی قیمتوں پر ٹریکٹرز فراہم کئے جائیں گے۔

قرعہ اندازی میں ضلع کے کل 178زمینداروں نے حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش قسمت زمینداروں کو مبارکباد دی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے حکومت زمینداروں کو سستی بجلی کی فراہمی، معیاری بیجوں،کھاد اور دیگر زرعی اجناس پر سبسڈی دے رہا ہے جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ غریب زمینداروں کو اپنی کاشتکاری سے زیادہ آمدنی بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید سائنس اور ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جارہا ہے ضلع کے آبادی کا بیشتر حصہ آج بھی زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ ہے ،حکومت زمینداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کا خواہاں ہے ،حکومت کا بلوچستان گرین ٹریکٹر اسکیم کا یہ کسان دوست پروگرام زراعت کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش قسمت زمینداروں نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت مستحق زمینداروں میں آسان قیمتوں پر ٹریکٹر کی فراہمی سے زرعی شعبے میں نمایاں تبدیلی آئے گی جس سے کاشتکار اور زمینداروں کی محنت سے پیداوار میں واضح اضافہ دیکھنے کو ملے گی۔