گوجرانوالہ،23اگست (اے پی پی): سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے ضلع بھر میں ڈکیتوں،چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کاروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔
احکامات کے پیش نظرڈی ایس پی سعید احمد کی زیرِنگرانی ایس ایچ او سوہدرہ مختار احمد باجوہ، سب انسپکٹر محمد اصغر ججا اور دیگران پرمشتمل پولیس ٹیم نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رضو بلوچ گینگ کے تین ڈکیتوں کو گرفتار کر کے دوران تفتیش ان کے قبضہ سے اٹھارہ لاکھ روپے نقدی، دو عدد موبائل،تیس بور غیر لائسنس شدہ ناجائز پستول و دیگر سامان برآمد کر لیا۔گرفتار کیے گئے ملزمان میں سرغنہ علی رضا، غفور خان اور غلام حسین شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں گینگ کے ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے وزیرآباد اور اس کے مضافات میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کی ہیں۔ ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ رات کی تاریکی میں سنسان راستوں پر درختوں کی اوڑھ اور جاڑھیوں وغیرہ میں چھپ جاتے اور آنے والے راہگیروں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے۔
ڈکیتوں اور چوروں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کرنے پر علاقہ مکینوں کا پولیس کو زبردست خراج تحسین۔ اس موقع پر سی پی او کا کہنا ہے کہ ڈکیتوں، چوروں اور مجرمانہ ذہن رکھنے والے سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے شہریوں کو امن کی فضا فراہم کریں گے۔











