لاہور،14 اگست ( اے پی پی ): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے بچے و بچیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،نوجوانوں نے ہی پاکستان کو آگے لے کرجانا ہے ،میرا صرف ایک ہی پیغام ہے آپ نے مایوس نہیں ہونا کیونکہ مایوسی گناہ ہے ،قرآن مجید میں مایوسی کو گناہ قرار دیا گیا ہے، قائد اعظمؒ نے بھی تقاریر میں بھی مایوس نہ ہونے اورامید کا پیغام دیاہے-
وہ آج حضوری باغ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم تھوڑے عرصے کے لئے آئے ہیں لیکن اس ملک کا مستقبل بہت روشن ہے،ملک اب درست سمت کی طرف گامزن ہے، انشاء اللہ پاکستان میں مثبت تبدیلیوں کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران، اساتذہ کرام اور ڈاکٹرز اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور وقت کی پابندی کریں، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کو اپنے اوقات کار کی پابندی کرنی چاہیے، اگر تمام ملازمین ڈیوٹی کا وقت پورا کریں اورایمانداری سے کام کریں تو اس ملک کو کوئی ترقی کرنے سے روک نہیں سکتا جب بھی ہسپتالوں کے دورے کرتا ہوں تو ڈاکٹرز کوڈیوٹی کے اوقات کو پورا کرنے اور ایمانداری سے کام کرنے کی تلقین کرتا ہوں ۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی، ہم بھی کر رہے ہیں اور آنے والی حکومت بھی کرے گی،سب لوگ ایمانداری سے محنت کریں توکوئی وجہ نہیں کہ بہتری نہ آئے ، اساتذہ کرام اگر دیانتداری کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں تو بچوں کا مستقبل تابناک ہو گا-انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں گزشتہ رات بھی شاہی قلعہ میں شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں عدلیہ،عسکری حکام،سول انتظامیہ، پولیس سمیت تمام ادارو ں کے افسران نے شرکت کی اور اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا-
ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن وکمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قربانیوں سے حاصل ہوا – آج ہمیں جستجو اور ایمان کے جذبے کے ساتھ تجدید عہدکرنا ہے – انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو ہمیں آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
اس موقع پر سکاؤٹس، مختلف سکولوں کے طلبہ وطالبات نے ملی نغمے پیش کئے – وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکاؤٹس اوربچوں وبچیوں کی پرفارمنس کو سراہا اوران سے شفقت کا اظہارکیا-امریکہ اورایران کے قونصل جنرل،صوبائی وزرا،ڈپٹی کمشنر لاہوراوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-