لاہور، 19 ستمبر(اے پی پی): کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں کاگجرپورہ میں آپریشن کیا گیا۔غیرقانونی تعمیرات،کمر شل سرگرمیوں کے خلاف آپریشن میں ایل ڈی اے ٹیموں نے 3 املاک کو مسماراور 8 کو سربمہر کر دیا اور پلاٹ نمبر76بی ٹو گجر پورہ میں منظور شدہ پلان کی خلاف ورزی پر زیر تعمیر پلرز مسمار کر دیئے۔ پلاٹ نمبر 435،435اے بلاک بی ٹوگجرپورہ پر زیر تعمیرپلرز بھی مسمار کر دیئے۔ پلاٹ نمبر1205بی ٹو گجر پورہ پر غیرقانونی کمرشل استعمال پر آٹھ دکانیں سربمہر کر دیں۔
آپریشن ایڈیشنل ڈی جی ہاوسنگ کیپٹن (ر )شاہ میر اقبال کی نگرانی میں چیف ٹاون پلانر ون سدرہ تبسم اورڈائریکٹر ٹاون پلاننگ ون عائشہ مطاہر نے کیا۔سیل ،مسمار کی گئی املاک کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔نوٹسز پر عملدرآمد نہ کر نے پر ان املاک کے خلاف ایکشن لیا گیا۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ شہر بھر میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں،تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔