آئندہ برس عازمین حج   کے لئے  کراچی سے بھی فلائٹ آپریشن شروع ہوجائے گا،انیق احمد

26

ریاض، 21 ستمبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ آئندہ برس پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور روڈ ٹو مکہ کے لئے کراچی سے بھی فلائٹ آپریشن شروع ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے  کہ سعودی وزیر حج سے ملاقات کے دوران پاکستانی عازمین حج کے لئے پرانے منیٰ میں جگہ دینے کی اپیل کی ہے جس پر یقیناً ہمیں کامیابی ملے گی اور ہم کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ سالوں کی نسبت آئندہ حج 2024 میں پاکستانی عازمین کو رہائش،ٹرانسپورٹ اور کھانے کے حوالے سے مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روڈ ٹو مکہ کے لئے ابھی اسلام آباد ائیر پورٹ سے سہولت دی گئی ہے تاہم قوی امکان ہے کہ آئندہ سال کراچی سے بھی روڈ ٹو مکہ عازمین کے لئے فلائٹ آپریشن شروع ہوجائے گا جبکہ ہماری کوشش ہے کہ لاہور سے بھی روڈ ٹو مکہ کی سہولت فراہم ہو۔