آج کا دن شہدا اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے لہو سے ارض وطن کی حفاظت کی، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

17

لاہور 06 ستمبر ( اے پی پی ):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج کا دن شہدا اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے لہو سے ارض وطن کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ میں جب مکاردشمن نے رات کی تاریکی میں ارض وطن پر قبضہ کرنا چاہا تو پاک فوج کے جوان ،افسر اور عوام ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ارض وطن کی سرحدوں کی دفاع کی ایسی عظیم داستان رقم کی جس پر پوری قوم کو ان پر ہمیشہ فخر رہے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہماری بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی جس سے واضح ہوا کہ جنگیں ایمان اور حوصلے کی طاقت سے جیتی جاتی ہیں۔ تعداد اور وسائل میں دشمن بڑا تھا لیکن حوصلہ ہماری قوم اور فوج کا بڑا تھا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ6 ستمبر 1965 کو قوم کے جوان بوڑھے سب فوج کے پیچھے کھڑے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ قوم میں تفریق پیدا کرے اور قومی وحدت کو پارا پارا کر سکے لیکن ایسے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پوری دنیا میں تمام اقوام اپنے شہدا کی عزت اور تکریم کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تنازعات اپنی جگہ، پوری دنیا میں اصول ہے کہ کچھ ریڈ لائنز کو عبور نہیں کرنے دیا جاتا ۔ انہوں نے کہا جو وطن کی خاطر اپنی جان دے دے اس سے بڑھ کر کوئی قوم کا محسن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ یہ قومی المیہ ہے کہ کچھ لوگوں میں اتنی نفرت بھری گئی کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے اکیڈمیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ نوجوان نسل کو گمراہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، پاک فوج کے احسان مند ہیں جن کے جوان اور افسران ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔  تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)علما مشائخ ونگ کے صدر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری، ریکٹر گیریژن یونیورسٹی, میجر جنرل شہزاد سکندر(ر)، بریگیڈیئر لیاقت علی طور(غازی)،ڈاکٹر راغب نعیمی اور 1965 کی جنگ کے غازیان اور شہدا کے ورثا کی کثیر تعداد موجود تھی۔