اسلام آباد، 30جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارتِ منصوبہ بندی کی جولائی 2026 کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے، پائیدار ترقی کے فروغ اور عوامی خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، برآمدات، پیداواری صلاحیت، روزگار اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں ملکی معیشت نے حوصلہ افزا پیش رفت کا مظاہرہ کیا، جبکہ زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کی مثبت کارکردگی نے معاشی نمو کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر، برآمدات، مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات میں نمایاں بہتری سے قومی معیشت مزید مستحکم ہوئی ہے اور نئے مالی سال میں چار فیصد شرح نمو کے ہدف کے حصول کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے سرمایہ کاری، برآمدات اور صنعتی ترقی کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار، جدید مہارتوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور تحقیق کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے نصاب کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور یو ایس–پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کو بھی دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے تاکہ تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری اور برآمدات میں اضافے کے لیے اصلاحاتی اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور قومی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ترکیہ، ازبکستان اور ڈنمارک کے ساتھ تعلیم، زراعت، تجارت، آبی وسائل، موسمیاتی تعاون، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مضبوط معیشت، پائیدار ترقی، جدید تعلیم، اختراع اور عوامی خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔











