آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی کراچی۔ لاہور کے تاجروں کیساتھ ملاقاتیں خوش آئند ہیں؛ صاحبزادہ زاہد محمود قاسم

25

چنیوٹ،07 ستمبر(اے پی پی): اظہارچیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسم  نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرکی کراچی۔ لاہور کے تاجروں کیساتھ ملاقاتیں خوش آئند ہیں، ان ملاقاتوں کی وجہ سے ڈالر اور چینی کے ریٹ کم ہو رہے ہیں، پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پرقابو پایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہارچیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسم نے ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ چنیوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علماء کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ مقبول احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب مولانا اعظم طارق،ڈویژنل صدر فیصل آباد مولانا عابدفاروقی،ضلعی صدر چنیوٹ مولانا قاسم عمار بھی تھے۔

چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے ، پاکستان میں غریب متوسط سمیت تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے گھرانے مہنگائی کی لہر سے یکساں پریشان نظر آتے ہیں پٹرول،ڈالر، چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی علماء کونسل پاکستان کے دارالافتاء نے اپنے فتوی میں کہا ہے کہ مسلمان بالخصوص پاکستانی شہری حرام منافع حاصل کرنے کے لئے غیر شرعی طریقے استعمال نہ کریں بلکہ حلال تجارت کو فروغ دیں، ڈالر کو ذخیرہ کر کے منافع خوری کرنا حرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ  7ستمبر کے دن قادیانیوں کو متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا، یہ دن امت مسلمہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 7ستمبر1974ء ہماری تاریخ کا وہ روشن اور سنہرا دن ہے جب ایک طویل و تاریخ ساز جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان کی قومی اسمبلی میں قادیانیوں کو متفقہ طور پر غیر مسلم قرار دیا گیا، عقیدہ تحفظ ختم نبوتﷺ پوری امت مسلمہ کا متفقہ عقیدہ ہے، اکابرین امت کو آج کے دن ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت 7ستمبر1974اور امتناع قادیانیت آرڈیننس کا نفاذ ہوا، حکومت قادیانیت سے متعلقہ قوانین اور امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل درآمد کویقینی بنائے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی کراچی اور لاہور کے تاجروں کیساتھ ملاقاتیں خوش آئند ہیں ہم ان ملاقاتوں کی حمایت کرتے ہیں، ان ملاقاتوں کی وجہ سے ڈالر اور چینی کے ریٹ میں دن بدن کمی واقع ہو رہی ہے۔