وزیراعلیٰ مریم نواز سے ساہیوال کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، 14 مزید الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان

1

لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شامل تھے۔ ملاقات میں ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں جلد مزید 14 الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جدید، باکفایت اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوامی فلاح کے منصوبے مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے گاؤں کی سطح تک لے آئے ہیں تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو یکساں سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکولز آف ایمیننس میں غریب اور امیر کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے اور ان سکولوں کا معیار کسی بھی اچھے اور بڑے نجی سکول سے کم نہیں ہوگا۔

ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے شہر کی بیوٹیفکیشن کو شاندار اور تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا۔

ارکان اسمبلی نے ساہیوال ڈویژن کے لیے 10 جدید ترین نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے قیام کے اقدام پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں پر بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ ساہیوال میں عارف والا بائی پاس، یوسف والا، نور شاہ، کے ایف سی بائی پاس، جنرل بس اسٹینڈ تا کمیر، اڈہ سبیل اور بالا موڑ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں اور الیکٹروبس سروس سے ہزاروں افراد کو سہولت میسر آ رہی ہے۔

ملاقات میں ساہیوال اور دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عوامی سہولیات اور آئندہ کے ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔