ڈیرہ غازی خان، 05 ستمبر(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان کی زیر صدارت لیڈیز پولیس آفیسران و اہلکاران کے مسائل کے حل کےلیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چاروں اضلاع سے خواتین پولیس آفیسران و اہلکاران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر آر پی او نےاجلاس میں لیڈیز افسران و اہلکاران کے پینڈنگ ویلفیئر، تعلیمی وظائف، فیملی کلیم، میڈیکل ،پینشن، ٹرانسفر پوسٹنگ اور پرموشن کیسز سمیت دیگر ذاتی مسائل سماعت کرکے فوری طور پر متعلقہ اتھارٹی کو مسائل حل کرنے اور تمام درخواستوں پردس یوم کے اندر کاروائی مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔
آر پی او نے خواتین اہلکاران کے مسائل کے حل کے لیئے ریجنل پولیس آفس اور تمام اضلاع میں خصوصی ڈیسک قائم کرکے خاتون پولیس آفیسر کو بطور فوکل آفیسر تعینات کرنے اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو لیڈیز پولیس کے مسائل ترجیح بنیادوں پرخود سماعت کرنے کاحکم جاری کیا ۔ آر پی او نے کہا کہ خواتین کے مردوں کے برابر حقوق ہیں،محکمہ پولیس میں خواتین پولیس اہلکار مرد پولیس اہلکاران کے برابر ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں لہذا صنفی امتیازکی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاران معاشرے میں موجود خواتین کے حقوق کا بہترین تحفظ کر رہی ہیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان حسن افضل ،ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن سید خالد محمود اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔