ڈیرہ غازیخان،05ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہرشاہد زمان نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی یوم دفاع ملی جوش و جذبہ سے منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6 ستمبر کے حوالے سے انتظامات اور تقریبات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ6ستمبر کو ہماری مسلح افواج نے بہادری اور جرات کی عظیم داستان رقم کی اور اس دن کو ہم شایان شان طریقے سے منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں،کالجز اور دیگر اداروں میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جائینگی اور مرکزی تقریب کااہتمام آرٹس کونسل میں کیا جائیگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ محکمے اپنی تقریبات کے پلان کو حتمی شکل دیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل،سی ای اوتعلیم عبد الرحمن،رب نواز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











