الگ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے؛ چیف سیکرٹری پنجاب زاہداختر زمان

27

 

ملتان، 12ستمبر(اے پی پی ):چیف سیکرٹری پنجاب زاہداختر زمان نے کہا ہے کہ الگ سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کی عوام کا دیرینہ خواب تھا جو کہ اب گڈ گورنس اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کی تکمیل کے بعد دفاتر منتقل ہونے سے محکموں میں کوآرڈنیشن میں بہتری آئے گی اور خطے میں ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔زاہد اختر زمان  نے سول سیکرٹریٹ کی بلڈنگ دسمبر تک مکمل کرنے  کی ہدایت کی  اور کہا  کہ حکومت آنیوالے دسمبر میں سول سیکرٹریٹ کا افتتاح کرنا چاہتی ہے۔

یہ بات انہوں نے متی تل روڈ پر زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر، سیکرٹری خزانہ پنجاب مجاہد شیردل، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو و سی ای او انفرا سٹرکچر دویلمنٹ اتھارٹی پنجاب سہیل گورایہ، سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان  ترین ،کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمرجہانگیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آم جنوبی پنجاب کی پہچان ہے اس لئے سول سیکرٹریٹ میں آم کے درخت لگائے جائیں اور ان کی بھرپور شجرکاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی معیار میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں  نے زیر تعمیر سیکرٹریٹ اور جی او آر کے مختلف حصے دیکھے، تعمیراتی معیار چیک کیا اور منصوبے کی لینڈ سکیپنگ بارے دریافت کیا۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے اس موقع پر بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے دفاتر ایک چھت تلے قائم ہونے سے ان کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ ملتان کی تکمیل کے بعد  جنوبی پنجاب کے آٹھ محکموں کے دفاتر شفٹ کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں مزید محکمے جنوبی پنجاب منتقل ہونے کے پیش نظر سیکرٹریٹ کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے اور مزید آٹھ محکموں کے دفاتر تعمیر کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

 سی ای او آئی ڈیپ  سہیل اشرف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ کمپلیکس 504 کنال قطعہ اراضی  پر تعمیر کیا جارہا ہے اور اس منصوبے پر ساڑھے تین ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔