“توانائی اور ماحولیات کی ترقی میں عالمی چیلنجز” کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے قومی اور بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی؛وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ

27

ملتان،21 ستمبر (اے پی پی ): دو روزہ “توانائی اور ماحولیات کی ترقی میں عالمی چیلنجز” کے موضوع پر تیسری انٹرنیشنل کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے زیرِ اہتمام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، برٹش کونسل، لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے باہمی اشتراک سے دو روزہ “توانائی اور ماحولیات کی ترقی میں عالمی چیلنجز” کے موضوع پر تیسری انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد سے قومی اور بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور اس عالمی کانفرنس کی سفارشات سےتوانائی کے قومی اور آلودگی کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل کی تیاری میں استفادہ کیا جا سکے گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے  کہا کہ پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے محققین کی کانفرنس میں  شرکت ویمن یونیورسٹی ملتان کیلئے حوصلہ افزاء اور باعث اعزاز ہے۔

  انٹرنیشنل کانفرنس کی فوکل پرسن اور شعبہ فزکس کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ملائکہ بخاری نے بھی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کے اس بین الاقوامی سیمینار کی سفارشات کی روشنی میں ویمن یونیورسٹی ملتان کی طالبات اور اساتذہ کرام کو برطانیہ سمیت دیگر مختلف ممالک کی یونیورسٹیز میں پیشہ وارانہ باہمی دوروں کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

 جاپان کے تعاون سے ریسرچ ورک مکمل کرنیوالی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کی ہونہار طالبہ ارم زریاب نے بھی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ وہ مستقبل میں انرجی کے حصول کیلئے ایسی ڈیوائس بنانا چاہتی ہیں جس سے آلودگی کے چیلنج سے بھی نمٹا جا سکے گا۔

 بین الاقوامی کانفرنس میں فعال کردار ادا کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شعبہ فزکس کی طالبات میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔