تھر پارکر،20 ستمبر( اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر امتیاز منگی نے کہا ہے کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ انتہائی جوش و جذبے اور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر امتیاز منگی نے دربار ہال میں علماء کرام اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیرت رسول ﷺ ہمارے لیئے ایک بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہے۔انہوں نے علماء اکرام سے درخواست کی کہ جلسے اور جلوسوں میں دوران تقاریر کسی کی دل آزاری نہ کی جائے اور اسپیکر ایکٹ کی پابندی کی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر امتیاز منگی نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے ضمن میں ضلع بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں اور جلوسوں کی روانی کے ساتھ ساتھ عام ٹریفک کو متبادل راستہ دیکر انکی بھی روانی کو یقینی بنایا جائے جبکہ محکمہ بلدیات جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کا بندوست یقینی بنائے۔ انہوں نے تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں علماء کرام اور متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس کریں اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ پلان تیار کریں اور محکمہ ریونیو کی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔
امتیاز منگی نے محکمہ صحت تھرپارکر کو ہدایت کی کہ اس دوران اسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ادویات اور ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور حیسکو عملداران کو ہدایت دی کہ اس دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے اجلاس میں آئے مذہبی رہنماؤں اور علماء کرام کو یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عبدالحمید مغل ، ڈی ایچ او تھرپارکر محمد باقر یوسف جتوئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شمش الدین راٹھور ، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، لوکل گورنمنٹ ، پولیس، سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت مختلف مکاتب فکر کے مذہبی رہنماؤں اور علماء اکرام نے شرکت کی۔











