جاری ترقیاتی 24 اسکیموں میں سے 12 مکمل کر لی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان

4

ٹنڈو محمد خان، 19 ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی 24 اسکیموں میں سے 12 مکمل کر لی گئی ہیں،باقی رہنے والی ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، ترقیاتی کاموں میں غیر معیاری میٹیریل کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال میں منعقدہ افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا  کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے ساتھ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع کے عوام کو زندگی کی تمام تر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کہا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں ضلع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جاری اور نئے منصوبوں،ای ڈی پی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں اور پٹرولیم فنڈز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ضلع کی 24 مختلف اسکیمیں جن میں سے 12 مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی پر کام جاری ہے جو رواں سال مکمل کر لی جائیں گی، لاء کالج کی زیر تعمیر عمارت کے حوالے سے کہا کہ لاء کالج کی عمارت کا پچاس فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم میں ملازمین کی سو فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے، مانیٹرنگ ٹیم  کی جانب سے غیرحاضر اساتذہ و عملے کا ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران پر زور دیا کہ وہ اسکولوں میں بچوں کے ایڈمیشن کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈومحمدخان ذوالفقار نظامانی، ایکسیئن روڈز ظفر اللہ برڑو، اسسٹنٹ انجینئر پراونشل بلڈنگز شاہنواز علی، چیف مانیٹرنگ آفیسر عبدالعلیم لغاری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سید اکبر علی شاہ، عبدالوہاب نظامانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔