جلال پور پیر والہ، 01 ستمبر ( اےپی پی): تحصیل جلال پور میں دریائے ستلج کے پانی سے بچاو کے لیے بنائے گئے حفاظتی بندوں میں سے بیشتر کے ٹوٹ جانے سے بدھ کو مزید کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں، دریائی پانی موضع دراب پور سے موضع موہانہ سندیلہ میں خان بیلہ روڈ تک پہنچ گیا ہے، امکان ہے کہ جمعرات کو پانی خان بیلہ روڈ کو عبور کرتے ہوئے موضع کرموں والی اور موضع عمر پور کی طرف رُخ کرے گا،اس سے قبل دریائے ستلج درجنوں بستیاں برباد کرچکا ہے سینکڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیںاب تک درجنوں بستیوں میں آمدورفت کے راستے مسدود ہونے کے سبب 11 سرکاری اور متعدد پرائیویٹ سکولز بند کر دئیے گئے ہیں، دوسری جانب مقامی غیر سرکاری فلاحی اداروں سویٹ جلال پور ویلفئیر سروسز، الخدمت فاونڈیشن اور شاہین ویلفئیر فاونڈیشن نے سیلاب متاثرین کو کھانا اور ضرورت کی دیگر اشیا پہنچانے کےلیے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، بدھ کو تینوں فلاحی اداروں کے کارکنوں کو سیلاب میں گھرے افراد تک پہنچانے کے لیے ریسکیو 1122 نے بھی معاونت کی۔