پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کیجانب سے سید علی گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش

9

جدہ،یکم ستمبر(اے پی پی ):پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے سید علی گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے لیے انصاف اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا ہے۔

عظیم حریت لیڈر سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ  سید علی گیلانی ہمت اور استقامت کا پیکر تھے، انہوں نے کشمیریوں کے حقوق کے لیے انتھک محنت کی، ان کی قربانیاں اور غیر متزلزل عزم ہم سب کو ہمیشہ متاثر کرتا رہے گا،آج ہم بہادر کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے  ان کے ساتھ  مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ ہمیں کشمیری آبادی کے خلاف جاری مظالم اور خلاف ورزیوں پر غور کرنا چاہیے اور جموں و کشمیر میں غیر قانونی قبضے کی واضح الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے،  ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے،ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دیا جائے۔