جوہر آباد،26ستمبر(اے پی پی ):جماعت اسلامی کے مرکزی امیر مولانا سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی بحالی اور وطن عزیز میں اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کی جدو جہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مقامی راہنما اورسابق صوبائی امیدورا خالقداد بھٹی کی تدفین سے قبل میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا ، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد 75 سال گزرنے کے باوجود انگریزوں کا قانون آج بھی موجود ہے، آج مہنگائی کی وجہ سے 25 کروڑ عوام کیلئے گھر چلانا مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت چاند کے بعد سورج کی جانب جا رہا ہے لیکن پاکستان کے عوام آٹے اور چینی کیلئے سڑکوں پر ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دنیا میں سال میں ایک بجٹ جبکہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں 365 روز بجٹ پیش کیے جاتے ہیں۔
مولانا سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن مہنگا تیل خرید کر عوام کیلئے بجلی مہنگی کی جاتی ہے، پاکستان میں بجلی 5 روپے فی یونٹ مل سکتی ہے لیکن حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے 56 روپے یونٹ ملتی ہے۔