حب؛جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس میلاد کشتیوں پر سمندر میں نکالا گیا

27

 

حب، 27 ستمبر(اے پی پی):لسبیلہ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام لسبیلہ کے ساحلی علاقہ تحصیل وند کے ڈام بندر میں جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس میلاد کشتیوں پر سمندر میں سرکار کی آمد مرحبا کی دھومیں مچاتا ہوا نکالا گیا ہے،جلوس کے شرکاء نے کشتیوں میں سوار ہو کر کھلے سمندر میں پیغمبر اسلام رحمت اللعالمین نبی رحمت حضرت محمدﷺ کی ولادت کا جشن منایا اور بحر بولان میں مرحبا یا مصطفیٰؐ کے نعرے گونج اٹھے۔

 کشتیوں کے جلوس میلاد سے مولانا محمد صدیق عطاری نے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ اللہ پاک نے اپنے پیارے اور آخری نبیؐ  کو وہ حسن وجمال عطا فرمایا کہ جس کی مثال نہیں ملتی اور مثال ملے بھی کیسے کیونکہ اللہ پاک نے آپؐ جیسا حسین وجمیل اور بنایا ہی نہیں حسن وجمال مصطفی ﷺ ایسا تھا کہ کوئی کہتا کہ رخ روشن سے نور کی کرنیں نکلتی تھی تو کوئی کہتا کہ چاند سے زیاد ہ حسین و جمیل ہیں تو کوئی کہتا کہ آپؐ سے بڑھ کوئی خوبصورت دنیا میں آیا ہی نہیں اور  کہا کہ پیارے آقاؐ جیسا حسین و جمیل کسی آنکھ نے دیکھا ہی نہیں آپؐ جیسا کوئی خوبصورت پیدا ہوا ہی نہیں ، ساری کائنات کی بادشاہت کا تاج آپ ؐکے سر پر ہے، آپؐ ساری کائنات کے بادشاہ ہیں ،آپؐ کے دو وزیر آسمانوں میں حضرت جبرائیل اور حضرت میکائیل علیہ السلام اور زمین کے دو وزیر حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔دیگر  مقررین نےبھی  شرکاء کو  آپؐ کی ولادت باسعادت کے متعلق آگاہ کیا ۔

جلوس میں دعوت اسلامی کے ذمہ دار قلات ڈویژن کے نگران لیاقت عطاری  ڈسٹرکٹ نگران گلفام عطاری تحصیل نگران محمد اکرم مدنی عطاری مولانا غلام حیدر نعیمی اوتھل  شخصیات حاجی کریم بخش حاجی قاسم حاجی احمد سیٹھ راشد زوہیب راجپوت حاجی عرفان حاجی مسلم عرفان خاصخیلی نادر جمالی عبداللہ خاصخیلی مقامی ذمہ داران میں عبدالرشید عطاری جاویدمدنی عطاری  گل نواز عثمان عطاری عرفان کھوسہ و دیگر لسبیلہ اور حب کے سینئر صحافیوں اور  کثیر تعداد میں عاشق رسول نے شرکت کی۔