حب؛ نگران صوبائی مشیر عمیر محمد حسنی کا ددر کنراج زنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ کا دورہ

62

حب،22ستمبر(اے پی پی): نگران صوبائی مشیر مائنز اینڈ منرلز  سردار زادہ عمیر محمد حسنی  نے ضلع لسبیلہ کی تحصیل وندر میں قائم ددر کنراج زنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔انہیں ایم سی سی حوئی مائننگ کمپنی کے پراجیکٹ کیمپ مینجمنٹ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اس دوران انہوں نے کہا کہ مائننگ سیکٹرمیں ددر کنراج زنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ پاک چائنا فرینڈ شپ کی اعلیٰ مثال ہے ،لیڈ اینڈ زنگ کے معدنی وسائل کی پائیدار کان کنی سے شرح حادثات میں کمی آئی ہے، ددر کنراج زنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ کی ترقی کیلئے حکومت بلوچستان اپنا کردار نبھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان  معاشی و سماجی تعلقات  کو مزید مستحکم بنایا جائیگا۔

 صوبائی مشیر کو بریفنگ میں پراجیکٹ مینجمنٹ وائس پریذیڈنٹ لیوکائی نے بتایا کہ مائننگ پراجیکٹ میں جدید ترین مشینری اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے حوالے سے ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی معاونت سے ددر زنک اینڈ لیڈ مائن پراجیکٹ میں سالانہ ڈیزائن کردہ پراسیسنگ کی صلاحیت کے مطابق چینی انجینئرز کام کر رہے ہیں ۔

ددرزنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ مینجمنٹ نے دوران بریفنگ مشیر معدنیات کو بتایا کہ لسبیلہ انتظامیہ کی ہدایت پر سی ایس آر کے تحت کمیونٹی ویلفیئر میں کمپنی مینجمنٹ کام کررہی ہے ،کمپنی سومار گوٹھ میں تعلیمی  سیکٹر میں معاونت کررہی ہے ،کورونا وباء میں کمپنی نے سی ایس آر کے تحت حکومت بلوچستان کو 50 ہزار ڈالرز کا امدادی چیک دیا۔

 بریفنگ میں وائس پریذیڈنٹ لیوکائی  نے ددر مائننگ کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشنل سسٹم کے حوالے سے بھی مشیر معدنیات کو بریفنگ دی ۔چینی انجینئرز نے زنک اینڈ لیڈ پراجیکٹ کے حوالے سے صوبائی مشیر کو پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کرایا۔

 اس موقع پرمشیر معدنیات نے محکمہ کے مائننگ انجینئر ناصر شیخ کو ہدایت کی کہ وہ چینی ماہرین کی تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،نگران مشیر نے زنک اینڈ لیڈ کی پراسیسنگ آپریشنل یونٹ کا بھی معائنہ کیا۔