اسلام آباد، 05ستمبر(اے پی پی ):کنٹری ڈائریکٹر، سائیٹ سیورز، منازہ گیلانی نے نگران حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ معذور افراد کی آواز اور ان کی شمولیت کو پاکستان کے ملکی بیانیہ میں شامل کیا جائے جو عالمی پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نیشنل فورم فار ویمن ود ڈس ایبلٹیز کی بانی اور چیئرپرسن عبیہ اکرم اور جنرل سیکرٹری کمیونٹی اینڈ انکلوسیو ڈویلپمنٹ نیٹ ورک عاصم ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
بانی اور چیئرپرسن نیشنل فورم برائے خواتین وِد ڈس ایبلٹیز اینڈ سائیٹ سیورز کی عالمی سفیر، عبیہ اکرم نے خصوصی افراد کو درپیش چیلنجز اور مسائل اور اہم فورمز پر ان کی کم نمائندگی پر روشنی ڈالی جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
کمیونٹی اینڈ انکلوسیو ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے سیکرٹری جنرل عاصم ظفر نے کہا کہ ترقیاتی اہداف (SDGs) معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف سے پہلے ملینیم ترقیاتی اہداف سماجی طبقے کے تمام دھڑوں کو شامل نہ کرنے کی وجہ سے ناکام ہو گئے تھے۔
میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے منزہ گیلانی نے کہا کہ ترقیاتی اہداف (SDGs) سے پہلے ملینیم ترقیاتی اہداف (MDGs )تھے اور پاکستان اس کا حصہ تھا اور اس نے اپنے مقامی حقائق کے مطابق اپنے اہداف مقرر کیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں پہلا ملک ہے جس نے اپنی پارلیمنٹ میں ترقیاتی اہداف کا سیکرٹریٹ قائم کیا اور اس مقصد کے پیچھے ایک مضبوط سیاسی ارادہ تھا۔