رحیم یار خان؛فوجی فرٹیلائزر کمپنی کا“ ماحول دوست مہم” کے نام سے شجر کاری کے دوسرے مرحلے کا آغاز

40

رحیم یار خان،22ستمبر(اے پی پی): فو جی فر ٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی کی طرف سے “ ماحول دوست مہم” کے نام سے شجرکاری کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا۔ جس کا افتتاح ریذیڈنٹ منیجر بریگیڈئیر(ر) طلعت محمود جنجوعہ نے گورنمنٹ اولڈگرلز ہائر سیکنڈری سکول صادق آباد میں پودا لگا کر کیا۔

ریذیڈنٹ منیجر فوجی فرٹیلائز کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی بریگیڈئیر(ر) طلعت محمود جنجوعہ نے اپنے ادارے کی جانب سے گورنمنٹ اولڈ گرلز ہائر سیکنڈری سکول صادق آباد، گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول صادق آباد اورگورنمنٹ لو انکم ہائی سکول صادق آباد کو پودے  فراہم کیے ۔

 پودوں کی شجر کاری کے موقع پر منعقدہ تقاریب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر(ر) طلعت محمود جنجوعہ  نے کہا کہ ہم “ ماحول دوست مہم”  کا آغاز پہلے ہی کر چکے ہیں کیونکہ درخت کسی بھی قوم اور ملک کا بہت اہم اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، درخت نہ صرف انسان کو پھل، سبزی، چھاوں، لکڑی اورآکسیجن دیتے ہیں بلکہ کرہ ارض کے بے مثال حسن میں بھی اضافہ کرتے ہیں، درخت سیلاب سے بچاو ، زمین کے کٹاو اور ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کا اہم ذریعہ ہیں۔

ریذیڈنٹ منیجر فوجی فرٹیلائز کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی بریگیڈئیر(ر) طلعت محمود جنجوعہ کا سکولوں میں بچوں سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پودے اور انسانوں کی نشوونما میں بڑی مماثلت پائی جاتی ہے کیونکہ انسان بھی زندگی کے مختلف ارتقائی مراحل طے کر کے بچپن ، لڑکپن ، جوانی ، بڑھاپے اورآخر کار موت کی دہلیز پار کر جاتا ہے ، انسان اور درخت دونوں کا بہت خیال رکھنے کی ضرورت ہے، ایسا نہ ہونے کی صورت میں دونوں مرجھا جاتے ہیں ، انسان کو محبت، تحفظ، خوراک، لباس، تعلیم اور دیگر ضروریات زندگی ہمیشہ درکار رہتی ہیں، اسی طرح درختوں کو بھی پانی ، صاف ماحول ، شاخ تراشی ، کھاد اور مختلف آفات سے حفاظت کی ضرورت ہو تی ہے۔

ریذیڈنٹ منیجرفوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی بریگیڈئیر(ر) طلعت محمود جنجوعہ نے کہاکہ اس وقت عالمی موسمیاتی تبدیلوں کا دنیا بھر میں سب سے زیادہ خطرہ وطن عزیز کو ہے ،جس کا سب سے آسان اور واحد حل شجر کاری کو فروغ دینا ہے۔ آئیں ہم سب مل کر عہد کریں کہ اپنے وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔