اسلام آباد، 30ستمبر(اے پی پی ): بین الاقوامی اور مقامی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کا میگا ایونٹ 6 سے 8 اکتوبر 2023 تک محکمہ سیاحت گلگت بلتستان اور پاک ویلز کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری سیاحت گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے ہفتے کو یہاں مقامی ہوٹل میں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا خطہ اپنی شاندار خوبصورت اور قدرتی پرکشش مقامات کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میگا ایونٹ صحرائے سرفرنگا میں منعقد کیا جائے گا، جو کرہ ارض کے بلند ترین سرد صحراؤں میں سے ایک ہے۔
پاک وہیلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنیل مونج نے سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی نمایاں خصوصیات اور تقریبات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی شرکاء کو ایک منفرد اور چیلنجنگ تجربہ فراہم کرے گی جس میں ریت کے ٹیلوں، بجری کی سڑکوں سمیت مختلف علاقوں میں سفر کرنا ہوگا جبکہ واٹر کراسنگ بھی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ شائقین کے لیے ایک شاندار ماحول میں آف روڈ ریسنگ کے سنسنی کا مشاہدہ کرنے کا ایک بہترین موقع بھی ہوگا۔
ریلی کے علاوہ، ایونٹ میں مختلف ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں پولو میچز، زخ مقابلوں اور ثقافتی شو شامل ہیں۔ یہ زائرین کے لیے بلتستان کی بھرپور ثقافت اور روایات کا تجربہ کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔
پریس بریفنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا، ڈپٹی کمشنر شگر، سیکرٹری ٹورازم جی بی اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔