اسلام آباد،1ستمبر (اے پی پی):میئر ووکنگ بورو کونسل، سرے، برطانیہ محمد الیاس راجہ نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو تجویز دی ہے کہ سیاحتی مقامات اور دور دراز کے ریزورٹس پر واش رومز اور کوڑے دان قائم کرے تاکہ مناسب صفائی، ماحول کے تحفظ اور حفظان صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ تجویز نگراں وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ سے ملاقات کے دوران دی، میئر نے کہا کہ برطانیہ نے بھی قدرتی اور فطری ماحول میں صفائی کو یقینی بنانے کے لیے سیاحتی مقامات پر واش رومز اور دیگر سہولیات فراہم کر رکھی ہیں۔
نگراں وزیر نے اپنے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ قدرتی وسائل سے مالا مال شمالی علاقوں میں سیاحوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے وفد کو ملک کے سیاحتی شعبے بالخصوص اسکردو اور گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔