جدہ،24ستمبر(اے پی پی ): سعودی عرب کے 93ویں قومی دن پر پاکستانی کمیونٹی کیجانب سے پرجوش اور شاندار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری شفقت نے اپنے ادارے کی جانب سے منعقد کی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، سعودی فنکاروں نے تلوار رقص پیش کیا جس میں بڑی تعداد میں سعودی اور پاکستانیوں نے انکے ہمراہ رقص کرکے تقریب کو شاندار بنایا۔ مقامی فنکار نعیم سندھی نے عربی زبان میں پرجوش گیت پیش کئے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی جدہ قونصلیٹ کے قونصل ویلفئیر ثاقب علی خان اور جرنل نائف الماکی تھے ۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، یکجہتی فورم کے چئیرمین ریاض بخاری، چوہدری محمد اکرم اور میزبان چوہدری شفقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے یوم الوطنی پر سعودی عوام اور سعودی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے، یہا ں برسرروزگار لاکھوں پاکستانی نہ صرف ذرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں بلکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا پاکستان کیلئے امداد کا لامتناہی سلسلہ ہے، سعودی عرب میں پاکستانی بھی نہایت ایمانداری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، انہیں سعودی عرب کے قوانین کا بھر پور احترام کرنا چاہئے۔
یوم الوطنی کے موقع پر ایک عصرانہ جموں و کشمیر کے سردار واقاص نے تقریب منعقد کی جس میں مہمان خصوصی قونصل جنرل خالد مجید تھے۔ شرکاء نے سعودی یوم الوطنی کا کیک کاٹا۔ا س موقع پر برطانیہ سے آئی ہوئی مانچسٹر کی مئیر شاہینہ ہارون راجہ نے خصوصی شرکت کی اور سعودی عوام کا یوم الوطنی کی مبارکباد پیش کی۔
پاکستان مسلم لیگ ن جدہ کے جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک کی جانب سے سعودی یوم الوطنی کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن پاکستان و وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال تھے۔ تقریب کی صدارت مرکزی سیکر ٹری جنرل مسلم لیگ ن سعودی عرب ملک منظور حسین اعوان نے کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے عظیم قومی دن پر سعودی حکومت اور سعودی بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں ،پاکستان اور سعودی عرب لازوال اور روحانی رشتوں میں منسلک ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن میں حصہ لیں گے اور چوتھی دفعہ وزیراعظم بن کر معیشت کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں سب نے مل کر سعودی قومی دن پر کیک بھی کاٹا۔
واضح رہے کہ قومی دن کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے سمندر پر لاکھوں مقامی اور غیرملکیوں خاندانوں نے سعودی فضائیہ کا شاندار ائر شو دیکھا، ہوٹلوں کے کھانے پراس دن کیلئے خصوصی رعایت کا اعلان ہوا تھا۔











