سکھر،12 ستمبر (اے پی پی):سندھ کے وزیر قانون، مذہبی امور و انسانی حقوق محمد عمر سومرو کی زیر صدارت سکھر میں امن و امان کی صورتحال اور انسانی حقوق کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق جاوید صبغت اللہ مہر، ڈی جی سکھر عبدالحامد کھوسو، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق سکھر سجاد علی، لیگل ایڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر عمر سومرو نے جان محمد مہر اور فاطمہ فرو کے مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ایس ایس پی خیرپور پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی فاطمہ فرو قتل کیس کے مفرور ملزمان حنا شاہ اور فیاض شاہ کو دو ہفتوں سے گرفتار نہیں کر سکے اور نہ ہی ملزمان کا موبائل ڈیٹا حاصل کر سکے۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے اجلاس بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ فردو کیس میں بھی محکمہ صحت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس وقت گاؤں کے اندر پانی کھڑا ہے اور ڈاکوؤں کے خلاف جلد کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔