پشاور؛کلچرل کمپلیکس نشترہال میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں تشکیل دی جائینگی،بیرسٹر فیروز جمال شاہ

12

 

پشاور،12ستمبر(اے پی پی):  صوبائی نگراں وزیر برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر اور تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا ہے  کہ حکومت سیاحوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ صوبے میں سیاحت سے متعلق سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہی ہے،کلچرل کمپلیکس نشترہال میں مستقبل میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں تشکیل دی جائینگی اور اسے فنکاروں اور ان کے ہنر کو فروغ دینے کیلئے مرکز بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کو منتقل ہونے والے کلچرل کمپلیکس (نشتر ہال) کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل برکت اللہ مروت، جی ایم پلاننگ حیات علی شاہ، کمانڈنٹ ٹورازم پولیس سید امتیاز شاہ، جی ایم کلچر اینڈ ٹورازم سجاد حمید،منیجر مارکیٹنگ اینڈ انفارمیشن ہمایون خان اور منیجر ایونٹس حسینہ شوکت سمیت دیگر شخصیات ہمراہ موجود تھیں۔

 افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی نگران وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل کا کہنا تھا کہ کلچرل کمپلیکس کے منتقل ہونے سے ثقافت کو فروغ دینے، نوجوانوں کو صدیوں پرانے ورثہ، تاریخ سے روشناس کرانے اور مقامی ثقافتی روایات کو زندہ کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی، کلچرل کمپلیکس میں مختلف ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ لوگوں اور نوجوان نسل کو صوبے کے شاندار ثقافتی ورثہ سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا  کہ کلچرل کمپلیکس مقامی فنکاروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ صوبہ کی بھرپور روایات کو فروغ دینے میں مدد کرے گ،صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے پی ٹی ڈی موٹلز ناران اور دیگر مقامات پر کھولے ہیں جہاں سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  فنکاروں کیلئے انڈومنٹ فنڈ کی منظوری دیدی گئی ہے اور فنڈز جلد جاری کر دیے جائیں گے۔

ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت کا کہنا تھا کہ کلچرل کمپلیکس نشترہال میں آرٹس اور کرافٹس کے تحفظ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تحقیقی، ترقی کے اقدامات اور پراجیکٹس بھی شامل ہوں گے۔ یہ ہال ثقافت اور تخلیقی صنعت سے آمدنی کے سلسلے کو بڑھانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اقدامات کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔یہاں پر تھیٹرڈرامہ، ثقافتی شو سمیت صوبائی ثقافت کے فروغ کیلئے آگاہی اور تربیتی پروگرام بھی تشکیل دیئے جائینگے۔